نئی دہلی، 25؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ملک بھر میں دلتوں پرمبینہ مظالم کے بڑھتے ہوئے واقعات کولے کروزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کا مطالبہ کر رہے ترنمول کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ نے آج راجیہ سبھاکی کارروائی سے واک آؤٹ کیا۔اس موضوع کو اٹھاتے ہوئے پارٹی کے ایم پی ڈیریک اوبرائن نے وقفہ صفرمیں کہاکہ انہوں نے آئین کے تئیں عدمِ اطمینان ظاہرکرنے کے رجحان اورملک بھر میں دلتوں اوراقلیتوں پرڑھتے ہوئے حملوں کے معاملے پرآج باقاعدہ کام کاج ملتوی کرکے بات چیت کرنے کے لیے ضابطہ267کے تحت ایک نوٹس دیا ہے۔ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین نے کہاکہ نوٹس کومستردکر دیاگیاہے۔ترنمول کانگریس کے ہی سکھیندو شیکھر رائے نے کہا کہ دلتوں اور اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنابراہ راست طورپرآئین کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک مخالف سرگرمیوں پر روک لگانے کے لیے حکومت نے قومی جانچ ایجنسی کا قیام کیا ہے اوردلتوں اوراقلیتوں پر حملے بھی ملک مخالف ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کو ایوان میں آنا چاہیے اور درج فہرست ذات وقبائل کے لوگوں کے خلاف بڑھتی ہوئی زیادتیوں کے سلسلے میں ایک بیان دینا چاہیے ۔کورین نے کہا کہ یہ موضوع اہم ہے لیکن ضابطہ267کے تحت دیا گیا نوٹس مسترد کر دیا گیا ہے۔اس پر ترنمول کانگریس کے اراکین نے نعرے بازی شروع کردی۔ڈپٹی چیئرمین نے واضح کہا کہ ان کا نوٹس نہیں لیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ دلتوں کے معاملے پر ایوان میں ایک باربحث ہو چکی ہے۔اسی موضوع پر ابھی بحث کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔اس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے رکن ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔